ریجنل پولیس آفیسر مردان کا سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مہمند ڈیم سائٹ کا تفصیلی دورہ

مردان:ریجنل پولیس آفیسر مردان محمد علی خان کا سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مہمند ڈیم سائٹ کا تفصیلی دورہ۔تفصیلات کے مطابق موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر ریجنل پولیس آفیسر مردان محمد علی خان نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مہمند ڈیم سائٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر برگیڈیر امتیاز ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مہمند سجاد احمد صاحبزادہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور متعلقہ ونگ کمانڈر نے آر پی او مردان کا استقبال کیا۔آر پی او مردان نے ڈیم کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کیا اور سیکورٹی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کئے۔آر پی او مردان نے سیکورٹی پوائنٹس پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور دوران ڈیوٹی حفاظتی تدابیر پر عمل پیرا ہونے اور مستعدی سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی جبکہ انہیں درپیش مسائل سن کر ازالے کے حوالے سے ڈی پی او مہمند کو ہدایت کی۔آر پی او مردان نے برگیڈیر امتیاز، ڈی پی او مہمند، متعلقہ ونگ کمانڈر، اے سی یکہ غنڈ، ڈی ایس پی تنگی اور سکیورٹی حکام سے میٹنگ کی۔ اجلاس کے دوران ڈیم کی سیکورٹی کے حوالے سے مختلف امور اور چائنیز اور دوسرے غیر ملکی باشندوں کی سیکورٹی کے حوالے سے جاری شدہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔